Business

سرپلس چینی ایکسپورٹ کی جائے، شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر کو خطوط

سرپلس چینی ایکسپورٹ کی جائے، شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نائب وزیراعظم اور وفاقی وزیر کو خطوط
۲ گھنٹے پہلے

اسلام آباد: پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کو خطوط لکھ کر ملک میں موجود سرپلس چینی کی فوری برآمد کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

خط میں کہا گیا ہے کہ 15 جولائی 2026ء تک ملک میں 34 لاکھ میٹرک ٹن چینی کا ذخیرہ موجود تھا، جبکہ چینی کی اوسط ماہانہ ملکی کھپت تقریباً 5 لاکھ 67 ہزار میٹرک ٹن ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق نئے کرشنگ سیزن کے آغاز پر بھی 11 لاکھ 58 ہزار میٹرک ٹن چینی کا بقایا ذخیرہ موجود ہوگا۔

 

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا کہ آئندہ کرشنگ سیزن میں گنے کی ایک اور بمپر فصل متوقع ہے، جس کے نتیجے میں تقریباً 80 لاکھ میٹرک ٹن چینی پیدا ہوگی، جو ملکی ضرورت سے کہیں زیادہ ہے۔

 

خط میں کہا گیا کہ ستمبر میں گنے کی کاشت کا سیزن قریب ہے اور چینی برآمد نہ ہونے کی وجہ سے کاشتکار غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر اضافی چینی برآمد نہ کی گئی تو کسان نئی فصل کی کاشت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کریں گے۔

 

ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر 5 لاکھ 85 ہزار ٹن سرپلس چینی برآمد کرنے کی اجازت دی جائے، جبکہ اسٹریٹجک ذخائر میں موجود چینی کو بھی نئے کرشنگ سیزن کے آغاز کے ایک ماہ کے اندر برآمد کرنے کی منظوری دی جائے۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں