Pakistan

اپوزیشن مذاکرات کے لیے تیار، حکومت سنجیدہ نہیں،راجہ ناصر عباس

اپوزیشن مذاکرات کے لیے تیار، حکومت سنجیدہ نہیں،راجہ ناصر عباس
۴ گھنٹے پہلے

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ اپوزیشن مذاکرات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم حکومت اس حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی۔

 

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس نے کہا کہ اپوزیشن نے ہمیشہ سیاسی روابط اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیا ہے۔ ان کے مطابق محمود خان اچکزئی نے تجویز دی تھی کہ پارلیمنٹ کے کانسٹیٹیوشن روم میں ملاقات کی جا سکتی ہے، جبکہ انہوں نے رانا ثناء اللہ کو یہ بھی کہا کہ اگر ضرورت ہو تو ان کی رہائش گاہ پر بھی ملاقات کی جا سکتی ہے، مگر حکومت نے کسی تجویز پر سنجیدہ پیش رفت نہیں کی۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت اگر واقعی مسائل کا حل چاہتی تو بامقصد سیاسی مذاکرات کا آغاز کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن وزیراعظم اور حکومتی وفد سے ملاقات کے لیے تیار ہے اور حکومت کو اس سلسلے میں پہل کرنی چاہیے۔

 

راجہ ناصر عباس نے بتایا کہ وہ اس وقت اربعین کے سلسلے میں عراق میں موجود ہیں، تاہم اگر مذاکرات کل بھی طے ہو جائیں تو وہ آج ہی پاکستان واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔

 

دوسری جانب تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی نے بھی حکومت کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت مذاکرات میں واقعی سنجیدہ ہوتی تو اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مقدمات درج نہ کیے جاتے۔

 

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے مثبت ماحول ضروری ہوتا ہے، لیکن حکومت مسلسل کشیدگی پیدا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اگر حکومت واقعی بات چیت چاہتی تو اب تک اپوزیشن قیادت کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دی جا چکی ہوتی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں