Pakistan

موجودہ سسٹم عوام کا اعتماد کھو چکا، ری سیٹ ناگزیر ہے، بیرسٹر گوہر

موجودہ سسٹم عوام کا اعتماد کھو چکا، ری سیٹ ناگزیر ہے، بیرسٹر گوہر
۳ گھنٹے پہلے

چیئرمാൻ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ موجودہ سسٹم عوام کا اعتماد کھو چکا ہے اور اب اسے ری سیٹ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

 

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں مزید حکومتیں بنانے کے بجائے عوام سے رجوع کیا جانا چاہیے۔

 

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایک اہم حکومتی اتحادی نے وزیراعظم کو دھاندلی زدہ قرار دیا، جس کے بعد وزیراعظم کو فوری طور پر اعتماد کا ووٹ لینا چاہیے تھا۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام رہے، اس لیے حکومت اپنا اخلاقی جواز کھو بیٹھی۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ اعتماد ختم ہو چکا ہے۔

 

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پورا حکومتی ڈھانچہ عملی طور پر کولیپس کر چکا ہے اور آئینی، قانونی اور جمہوری اعتبار سے حکومت اپنی حیثیت برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اعتماد کھو چکے ہیں، اب سسٹم کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔ ان کے مطابق عدم اعتماد لانے کا آئینی طریقہ موجود ہے اور اس حوالے سے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔

 

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی دھاندلی زدہ سمجھتے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ قومی مفاد میں سیاسی بحران کا اتفاق رائے سے حل نکالا جانا چاہیے اور صوبوں کے عوامی مطالبات پر ایوان کو سنجیدگی سے پیش رفت کرنا ہوگی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ سسٹم کو ری سیٹ کرنے پر دو رائے نہیں ہونی چاہئیں، البتہ اصل سوال یہ ہے کہ سسٹم کو ڈیفالٹ موڈ پر کس نے پہنچایا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں