آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کا بھی پہیہ جام ہڑتال کا اعلان
آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے اعلان کے بعد 8 اگست سے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تنظیم کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومتی پالیسیوں اور بڑھتے ہوئے مالی بوجھ نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جس کے باعث کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عہدیداران نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل ٹرانسپورٹرز کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے، جبکہ کرایوں اور اخراجات کا تعین بھی روزانہ بدلتی قیمتوں کے باعث ممکن نہیں رہا، اس لیے حکومت اس پالیسی پر نظرثانی کرے۔
انہوں نے کہا کہ ٹول ٹیکس میں 250 روپے سے بڑھا کر 750 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ود ہولڈنگ ٹیکس بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کو موجودہ 7 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کیا جائے اور ٹول ٹیکس کو 2024 کی سطح پر واپس لایا جائے۔
پریس کانفرنس کے دوران عہدیداران نے کہا کہ موجودہ قوانین کے تحت اگر گاڑی میں ایک بھی غیر کسٹم شدہ کارٹن موجود ہو تو پوری گاڑی ضبط کرنے کی بات کی جاتی ہے، جو مناسب نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماضی کی طرح ایسے معاملات میں صرف 20 فیصد جرمانہ عائد کر کے گاڑی چھوڑ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکسل لوڈ قوانین کو آمدنی کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔
رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو 8 اگست سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔
دوسری جانب آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے وفد کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی موٹروے جاوید اکبر ریاض سے ملاقات کی۔ ان کے مطابق ملاقات میں موٹروے پولیس کی جانب سے مبینہ ناجائز جرمانوں اور ایکسل لوڈ قوانین پر عمل درآمد سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایکسل لوڈ قوانین پر تمام گاڑیوں کے لیے یکساں اور منصفانہ انداز میں سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، جبکہ اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے موٹروے پولیس اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 ویلر گاڑیوں کے لیے مناسب وزن کے تعین پر بھی گفتگو ہوئی اور دسمبر میں ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران کیے گئے وعدوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی ملک گیر پرامن ہڑتال 8 اگست کو ہوگی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات فوری طور پر منظور کیے جائیں۔