ایبٹ آباد کے نوجوان کا چین بارڈر تک 700 کلومیٹر پیدل سفر شروع
ضلع ایبٹ آباد کی یونین کونسل پلک سے تعلق رکھنے والے نوجوان مہتاب تماس عباسی نے کے پی کے اور پنجاب کے سنگم پر واقع خیرا گلی سے چین کی سرحد تک تقریباً 700 کلومیٹر طویل پیدل سفر کا آغاز کر دیا ہے۔
مہتاب تماس عباسی نے اس مہم کا اعلان پہلے ہی کر رکھا تھا اور گزشتہ روز خیرا گلی بازار سے اپنے سفر کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر علاقے کے معززین، عمائدین، مقامی رہنماؤں اور پلک ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے انہیں نیک تمناؤں اور دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ خیرا گلی سے ایوبیہ ٹریک، نتھیا گلی، میرن جانی، مانسہرہ، بالاکوٹ اور بابوسر ٹاپ کے راستے چین کی سرحد تک پیدل سفر کریں گے۔
مہتاب تماس عباسی نے اپنے بیان میں کہا کہ سفر کے آغاز پر جس محبت، خلوص اور دعاؤں کے ساتھ انہیں رخصت کیا گیا، وہ اس پر تمام شرکاء کے بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بالخصوص پلک ویلفیئر ایسوسی ایشن، علاقے کی معزز شخصیات اور دوست احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کے لیے اپنا قیمتی وقت نکالا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے اس سفر کا مقصد صرف چین کی سرحد تک پہنچنا نہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت جسمانی سرگرمیوں، صحت مند طرزِ زندگی اور ایڈونچر سپورٹس کی جانب راغب کرنا بھی ہے تاکہ نئی نسل مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب حاصل کرے۔