اسلامی بینکاری کے نفاذ کیلئے حکومت کے ساتھ کام جاری ہے، گورنر سٹیٹ بینک
گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ حکومت کے ساتھ مل کر اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے کام جاری ہے۔
ایک تقریب سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے فری لانسرز کو مختلف سہولتیں فراہم کر کے ترسیلاتِ زر میں اضافے کو ممکن بنایا ہے۔
جمیل احمد نے بتایا کہ اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے اسٹیٹ بینک نے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر رکھی ہے، جبکہ ادارہ اپنے مالیاتی فریم ورک کو شریعہ سے ہم آہنگ بنانے پر بھی کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح نے 1948ء میں اسٹیٹ بینک کے افتتاح کے موقع پر اسلامی مالیاتی نظام فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، جبکہ اسلامی بینکاری نظام کے مکمل نفاذ کے لیے حکومت نے دسمبر 2027ء تک کی حکمتِ عملی مرتب کر رکھی ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ حکومتی اثاثوں کے لیے جامع اثاثہ رجسٹر تیار کرنے پر بھی کام جاری ہے، جبکہ اسلامی بینکاری کے مؤثر نفاذ کے لیے افرادی قوت کی استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔