Business

پاکستان اور آسٹریلیا کا تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور آسٹریلیا کا تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
۵ گھنٹے پہلے

پاکستان اور آسٹریلیا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے اور دفاع، سلامتی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

 

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دارالحکومت کینبرا میں سینیئر حکام کے مذاکرات اور مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

دفتر خارجہ کے مطابق 4 اگست کو کینبرا میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سینیئر حکام کے مذاکرات کا نواں دور منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ (ایشیا پیسیفک) ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے کی، جبکہ آسٹریلوی وفد کی سربراہی محکمہ خارجہ و تجارت کی فرسٹ اسسٹنٹ سیکریٹری برائے جنوبی و وسطی ایشیا سارہ اسٹوری نے کی۔

 

مذاکرات کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں، سیاسی روابط، اقتصادی ترقی، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، دفاع، سلامتی، انسداد دہشت گردی، بین الاقوامی جرائم کی روک تھام اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

 

دونوں فریقوں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

 

اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ نے آسٹریلوی حکام کو مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں، جنوبی ایشیا کی مجموعی صورتحال، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور سندھ طاس معاہدے کی بھارت کی جانب سے مسلسل خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

 

اسی روز کینبرا میں آسٹریلیا۔پاکستان مشترکہ تجارتی کمیٹی کا دسواں اجلاس بھی منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری تجارت جواد پال خواجہ نے کی، جبکہ آسٹریلوی وفد کی سربراہی بھی سارہ اسٹوری نے کی۔

 

اجلاس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں زراعت، لائیو اسٹاک، معلوماتی ٹیکنالوجی، کان کنی اور خدمات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں ممالک نے منڈیوں تک بہتر رسائی، تجارت سے متعلق مسائل، بالخصوص پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی۔

 

اجلاس کے دوران عالمی تجارتی رجحانات، ان کے دوطرفہ تجارت پر ممکنہ اثرات اور عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) سمیت کثیرالجہتی تجارتی نظام کے تحت تعاون کے مزید مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 

دفتر خارجہ کے مطابق ان ملاقاتوں سے دونوں ممالک کو دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے، تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ملا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں