Business

پنجاب: گندم کی نئی قیمت 3800 روپے فی من مقرر، روٹی کی قیمت 15 روپے برقرار رکھنے کا فیصلہ

پنجاب: گندم کی نئی قیمت 3800 روپے فی من مقرر، روٹی کی قیمت 15 روپے برقرار رکھنے کا فیصلہ
۲ گھنٹے پہلے

حکومتِ پنجاب نے گندم کی نئی اجراء قیمت 3 ہزار 800 روپے فی من مقرر کر دی ہے۔

 

محکمۂ خوراکی تحفظ اور صارفین کے تحفظ پنجاب کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے اور اس کا باقاعدہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

 

ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب کو پاکستان زرعی اجناس ذخیرہ و خدمات کارپوریشن سے فوری طور پر گندم خریدنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ صوبے کو 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

 

محکمۂ خوراکی تحفظ پہلے ہی 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم حاصل کر چکا ہے، جبکہ پاکستان زرعی اجناس ذخیرہ و خدمات کارپوریشن نے گندم کی قیمت 4 ہزار 150 روپے فی من مقرر کر رکھی ہے۔

 

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام صوبے میں گندم اور آٹے کی بلا تعطل فراہمی اور قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

 

حکومت نے واضح کیا ہے کہ عوام کو 15 روپے میں روٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

 

ترجمان کے مطابق حکومتِ پنجاب نے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم طلب کی تھی، تاہم اس کے مقابلے میں 5 لاکھ 33 ہزار 440 میٹرک ٹن گندم مختص کی گئی ہے۔

 

وزارتِ قومی غذائی تحفظ نے حکومتِ پنجاب کو خریداری کا شیڈول اور پیشگی ادائیگی فوری طور پر جمع کروانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں