ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال پابندی،10 لاکھ جرمانہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی عائد کرتے ہوئے ان پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی نافذ کر دیا ہے۔ بورڈ کے مطابق پابندی کے دوران حمزہ نذر کسی بھی ڈومیسٹک یا بین الاقوامی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ تادیبی کارروائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی، جس میں ویزا درخواست کے دوران فراہم کی گئی معلومات کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیقات میں یہ سامنے آیا کہ حمزہ نذر نے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، گمراہ کن معلومات دیں اور اہم حقائق چھپائے۔
بورڈ کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اور حمزہ نذر کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع بھی دیا گیا۔
پی سی بی نے واضح کیا کہ غلط بیانی، حقائق چھپانے اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے اور کسی بھی فرد کو پاکستان کرکٹ، بورڈ اور شائقین کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔