پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آٹھویں نمبر پر پہنچ گیا
پاکستان نے کوئنز پارک اوول میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ اس فتح کے ساتھ گرین شرٹس نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کی پوائنٹس ٹیبل میں بھی بہتری حاصل کرتے ہوئے آخری پوزیشن سے ترقی کر کے آٹھویں نمبر پر جگہ بنا لی، جبکہ ان کا پوائنٹس فیصد 22.22 ہو گیا۔
اس شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20.83 فیصد کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں آخری نمبر پر چلی گئی۔ پاکستان نے سیریز کا آغاز شکست سے کیا تھا، تاہم دوسرے ٹیسٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے سیریز برابر کرنے میں کامیاب رہا۔
یہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 میں پاکستان کی دوسری فتح ہے، جبکہ پہلی کامیابی موجودہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقا کے خلاف حاصل کی گئی تھی۔ پوائنٹس ٹیبل میں آسٹریلیا 87.50 فیصد کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقا 75.00 فیصد کے ساتھ دوسرے، جبکہ نیوزی لینڈ، بنگلادیش، بھارت، سری لنکا اور انگلینڈ بالترتیب تیسری سے ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔