چینی صدر شی جن پنگ کاوزیراعظم شہباز شریف کے نام خط
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران چینی سفیر نے وزیراعظم کو چین کے صدر شی جن پنگ کا خط پیش کیا، جس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی پیغام پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات میں ہونے والی مثبت پیشرفت کو سراہتے ہوئے چین کے ساتھ آل ویدر اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھانے کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں اور پارلیمانوں کے مابین تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ایسے روابط دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ملاقات میں باہمی تعاون کے مختلف شعبوں اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔