Breaking News

ایم آئی ٹی کا انوکھا روبوٹ جو اڑنے اور تیرنے کی صلاحیت رکھتا ہے

ایم آئی ٹی کا انوکھا روبوٹ جو اڑنے اور تیرنے کی صلاحیت رکھتا ہے
۲ گھنٹے پہلے

میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) نے ایک منفرد روبوٹ تیار کیا ہے جو پرندوں کی طرح فضا میں پرواز کرنے اور مچھلی کی طرح پانی میں تیرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تقریباً 300 ڈالر مالیت کا یہ ہلکے وزن کا روبوٹ مستقبل میں سمندری نگرانی، ماحولیاتی تحفظ اور آبی حیات کے مشاہدے جیسے مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایرو ایکواٹیک روبوٹیکس کی ٹیم کی تیار کردہ یہ مشین غوطہ لگانے والے پرندوں سے متاثر ہو کر ڈیزائن کی گئی ہے، جو اپنے پروں کو اڑنے اور تیرنے دونوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

 

سائنسدانوں نے پرندوں کی حرکت پر ہونے والی سابقہ تحقیق کا جائزہ لینے کے بعد 250 گرام وزنی Flapping Aerial Aquatic Vehicle تیار کیا، جو بیٹری سے چلنے والی موٹر پر کام کرتا ہے۔ اس کے نائیلون کے پروں اور دم پر پانی سے محفوظ رکھنے والے نینو پارٹیکلز کی تہہ چڑھائی گئی ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق روبوٹ کو اس طرح پروگرام کیا گیا ہے کہ وہ فضا اور پانی کے درمیان فرق کیے بغیر مخصوص فریکوئنسی پر اپنے پروں کو حرکت دیتا ہے۔ یہ روبوٹ 13.4 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز اور 2.2 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیر سکتا ہے، جبکہ ایک مرتبہ چارج ہونے پر تقریباً 6 کلومیٹر پرواز اور 2 کلومیٹر تک تیرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی آزمائش ایک سال تک میساچوسٹس کے واٹر ٹینک اور بعد ازاں سوئٹزرلینڈ کی جنیوا جھیل میں کی گئی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں