براڈ پیک حادثہ، 5 غیرملکی کوہ پیماؤں کی لاشیں سکردو منتقل
براڈ پیک پر برفانی تودے کی زد میں آکر جاں بحق ہونے والے عالمی شہرت یافتہ برطانوی نژاد نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا سمیت 5 بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی لاشیں ہیلی کاپٹر کے ذریعےسکردو منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ 2 لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش مسلسل آٹھویں روز بھی جاری رہی۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق نرمل پرجا، وانگ ژونگ، نیما شیرپا، گیالو شیرپا اور کلی پیمبا "کیلو" شیرپا کی لاشیں انتہائی دشوار ریسکیو آپریشن کے بعد کمبائنڈ ملٹری اسپتال اسکردو منتقل کی گئیں۔ ضروری قانونی کارروائی اور شناختی مراحل مکمل ہونے کے بعد لاشوں کو اسلام آباد منتقل کیا جائے گا، جہاں سے انہیں ان کے آبائی ممالک روانہ کیا جائے گا۔
پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو پہنچنے پر الپائن کلب آف پاکستان، بلتستان کی سول انتظامیہ، فوجی حکام، محکمہ سیاحت اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے لاشیں وصول کیں۔ بعد ازاں تمام لاشوں کو متعلقہ ممالک کے قومی پرچم میں لپیٹ کر سرکاری اعزاز کے ساتھ رخصت کیا گیا۔
الپائن کلب کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 7 لاشیں براڈ پیک سے نکال کر اسکردو منتقل کی جا چکی ہیں، جبکہ پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی اور امریکی کوہ پیما سارہ میلوری گیس تاحال لاپتا ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سارہ میلوری گیس کی سمجھی جانے والی کچھ انسانی باقیات ضرور دیکھی گئی تھیں، تاہم ان کی لاش تاحال برآمد نہیں ہو سکی۔ نائلہ کیانی کے مطابق نوانگ تھندو شیرپا کی لاش بھی ایک خطرناک مقام پر دیکھی گئی ہے، مگر برفانی تودوں کے خطرے کے باعث اسے نکالنا ممکن نہیں ہو سکا۔