Business

مہنگائی میں اضافہ، ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروریہ مہنگی

مہنگائی میں اضافہ، ایک ہفتے میں 20 اشیائے ضروریہ مہنگی
۲ دن پہلے

رواں مالی سال 2026-27 کے دوسرے ماہ اگست کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی رفتار میں دوبارہ اضافہ ہوگیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں کمی کے بعد رواں ہفتے اس میں 0.28 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 9.29 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ حالیہ ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ مہنگی، 9 سستی جبکہ 22 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

 

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چکن کی قیمت میں 9.19 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 10.14 فیصد اضافہ ہوا۔ دال چنا 2.43 فیصد، سرخ مرچ پاؤڈر 1.01 فیصد، سرسوں کا تیل 0.99 فیصد، چائے کی پتی 0.57 فیصد، آٹا 0.52 فیصد، ویجی ٹیبل گھی 0.37 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.32 فیصد اور واشنگ سوپ 0.08 فیصد مہنگا ہوا۔

 

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 6.82 فیصد، ایل پی جی 1.90 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل 1.66 فیصد، کیلے 1.20 فیصد، پیٹرول 0.63 فیصد، چینی 0.51 فیصد، سادہ روٹی 0.29 فیصد، انڈے 0.09 فیصد اور آلو کی قیمت میں بھی 0.09 فیصد کمی ہوئی۔

 

آمدنی کے مختلف طبقات کے حوالے سے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے سالانہ مہنگائی کی شرح 0.43 فیصد اضافے کے ساتھ 9.51 فیصد رہی۔ 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے تک ماہانہ آمدنی والے طبقے میں مہنگائی کی شرح 0.41 فیصد اضافے کے ساتھ 9.87 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

 

اسی طرح 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.36 فیصد اضافے کے ساتھ 8.79 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے تک آمدنی والے طبقے کے لیے 0.34 فیصد اضافے کے ساتھ 8.96 فیصد، جبکہ 44 ہزار 176 روپے سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.20 فیصد اضافے کے ساتھ 9 فیصد رہی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں