Business

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ہڑتال شروع کر دی،پمپ اونرز کی حمایت

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ہڑتال شروع کر دی،پمپ اونرز  کی حمایت
۱ دن پہلے

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے آج 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں ہڑتال کی تصدیق کی۔

 

ملک شہزاد اعوان کے مطابق وفاقی حکومت نے ٹرانسپورٹ اتحاد کو پیر کے روز اجلاس کے لیے طلب کیا ہے، جبکہ حکومت سے ملاقات کے لیے اتحاد کی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان تک ہڑتال جاری رہے گی۔

 

انہوں نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد اور انتظامیہ کے درمیان کمشنر آفس میں ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔

 

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ بنیادوں پر تعین اور ٹرانسپورٹ سیکٹر پر 7 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف احتجاجاً ہڑتال کی جا رہی ہے۔

 

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

 

وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے کہا ہے کہ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا موقف بالکل درست ہے اور یہ صرف ٹرانسپورٹرز ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی عوام کی آواز ہے۔

 

انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل سے ٹرانسپورٹ سمیت دیگر شعبوں پر اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس لیے اس پالیسی پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں