سنجے کپور خاندانی ٹرسٹ تنازع، بھارتی سپریم کورٹ کو مصالحتی عمل سے امید
بھارتی سپریم کورٹ نے اداکارہ کرشمہ کپور کے سابق شوہر اور آنجہانی صنعت کار سنجے کپور کے خاندانی ٹرسٹ اور جائیداد کے تنازع میں فریقین کے درمیان جاری مصالحتی عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ معاملہ باہمی رضامندی سے حل ہو سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے کپور کی والدہ رانی کپور اور ان کی اہلیہ پریا کپور کے درمیان جائیداد اور خاندانی ٹرسٹ کے کنٹرول سے متعلق تنازع پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے مصالحتی عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت کے مطابق یہ عمل 2 نومبر تک جاری رہے گا اور موجودہ صورتحال میں مصالحتی کوششیں تسلی بخش انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں۔
سماعت کے دوران جسٹس پردی والا نے کہا کہ اگر مصالحت کی کوششیں ناکام ہوتی ہیں تو فریقین قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھ سکتے ہیں، تاہم عدالت چاہتی ہے کہ معاملہ قانونی جنگ تک پہنچنے سے پہلے باہمی طور پر حل کرنے کی کوشش کی جائے۔
واضح رہے کہ تنازع آنجہانی سنجے کپور کے اثاثوں اور خاندانی ٹرسٹ کے کنٹرول سے متعلق ہے، جس کی کارروائی دہلی ہائی کورٹ میں بھی زیرِ سماعت ہے۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں ٹرسٹ کی جائیدادوں کی فروخت یا منتقلی روکنے اور موجودہ صورتِ حال برقرار رکھنے کی استدعا کی گئی تھی۔
سنجے کپور کا انتقال 12 جون 2025 کو برطانیہ میں ایک پولو میچ کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوا تھا۔ ان کے انتقال کے بعد ان کے اثاثوں اور خاندانی ٹرسٹ سے متعلق اختلافات نے قانونی شکل اختیار کرلی تھی۔