Entertainment

گووندا نے اہلیہ کے افیئرز سے متعلق دعوے مسترد کردیے

گووندا نے اہلیہ  کے افیئرز سے متعلق دعوے مسترد کردیے
۱ منٹ پہلے

بالی ووڈ اداکار گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کی جانب سے ماضی میں ان کے مبینہ افیئرز اور بے وفائی سے متعلق دیے گئے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے۔

 

سنیتا آہوجا متعدد مواقع پر اپنے شوہر کی ذاتی زندگی اور ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ مبینہ تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرچکی ہیں جبکہ حال ہی میں ریئلٹی شو ’لاک اَپ 2‘ میں بھی انہوں نے گووندا کے مبینہ افیئرز کا ذکر کیا تھا۔

 

حالیہ گفتگو میں گووندا نے ان الزامات پر براہِ راست جواب دیتے ہوئے کہا کہ سنیتا کا انداز اگرچہ بعض اوقات سخت ہوتا ہے تاہم وہ ان کے رویے کو محبت کے تناظر میں دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سنیتا انہیں پیار سے گالیاں دیتی ہیں۔

 

گووندا نے کہا کہ اگرچہ سنیتا ماضی میں ان کے بارے میں ایسی باتیں کرتی رہی ہیں تاہم وہ ان کے خاندان کے بچوں کی پرورش میں اہم کردار ادا کرچکی ہیں۔ اداکار کے مطابق سنیتا انہیں پیار سے ڈانٹتی اور سخت الفاظ بھی کہتی ہیں جسے وہ برداشت کرلیتے ہیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں ہر شخص کا اپنا کردار اور مقام ہوتا ہے اور انسان اپنے اردگرد موجود لوگوں کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔ گووندا نے مزید کہا کہ ان کے خاندان کے کئی بچے اب بڑے ہوچکے ہیں اور سنیتا نے ان کی پرورش میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

اداکار نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ سنیتا نے ان کے بارے میں عوامی سطح پر بات کرنا شروع کرنے کے بعد توجہ حاصل کی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنے ہی لوگوں کے بارے میں بری باتیں کرنا ضروری ہے؟

 

گووندا کا کہنا تھا کہ بعض اوقات لوگ کسی سے دوری پیدا کرنے یا کسی صورتحال سے نکلنے کے لیے دوسرے شخص پر الزام تراشی کرتے ہیں، تاہم سنیتا کا انداز مختلف ہے۔ ان کے مطابق سنیتا پہلے چند الفاظ میں تعریف کرتی ہیں اور پھر تنقید شروع کردیتی ہیں، لیکن وہ اس رویے میں بھی محبت محسوس کرتے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں