عبداللہ طاہر قتل کیس ، ٹک ٹاکر اور ڈرون آپریٹر کی شناخت ہوگئی
پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے کیس میں پولیس کی تحقیقات کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے عبداللہ طاہر کے ڈرائیور سے تحقیقات کرتے ہوئے مبینہ ہنی ٹریپ کرنے والی کاروباری خاتون تک رسائی حاصل کرلی، جبکہ ڈرائیور کو ہنی ٹریپ کرنے والی ٹک ٹاکر کی شناخت بھی کرلی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد کی رہائشی ماریہ نامی خاتون نے ڈرائیور اصغر کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہنی ٹریپ کا منصوبہ واردات سے پہلے دو ڈیلز سے شروع ہوا، تاہم معاملہ صرف ہنی ٹریپ تک محدود نہیں تھا بلکہ ڈرائیور کے ساتھ مالی معاملات بھی طے کیے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق معاملہ ہنی ٹریپ سے شروع ہو کر رقم کی ادائیگی تک پہنچا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مرکزی شوٹرز سکندر اور ذیشان کلینک میں داخل ہوئے اور فائرنگ کی، جبکہ ارسلان جٹ نامی ملزم مرکزی سہولت کار تھا، جس نے مبینہ طور پر شوٹرز کو کلینک تک پہنچایا اور بعد میں وہاں سے نکال کر لے گیا۔ پولیس کے مطابق مرکزی سہولت کار اور دونوں شوٹرز اس وقت وزیرستان میں موجود ہیں، تاہم پولیس تاحال ان تک نہیں پہنچ سکی۔
دوسری جانب پولیس نے ڈرون آپریٹر کی بھی شناخت کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈرون آپریٹر نے مجموعی طور پر چار مرتبہ ڈرون اڑایا اور اس دوران ویڈیو فوٹیج حاصل کی۔ پولیس کی جانب سے کیس کے مختلف پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔