جو بھی وزیر ملا سب نے کہا ہماری بیوروکریسی ڈرتی ہے، کام نہیں کرتی: چیئرمین نیب
سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس ہوا، جس میں کمیٹی کی ہدایات پر چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ جو بھی وزیر ان سے ملا، سب نے یہی شکایت کی کہ ہماری بیوروکریسی ڈرتی ہے اور کام نہیں کرتی۔
چیئرمین نیب نے بتایا کہ انہیں یہ ذمہ داری 2023 میں سونپی گئی تھی۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک کے سوال پر انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین نیب وہ پہلی مرتبہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئے ہیں، تاہم سابقہ ذمہ داری کے دوران وہ متعدد مرتبہ کمیٹی میں آ چکے ہیں۔
اجلاس میں ڈی جی آپریشنز نیب نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قانون کے تحت نیب کو مختلف اختیارات حاصل ہیں اور ادارے کو قیام سے اب تک مجموعی طور پر 5 لاکھ 5 ہزار 799 شکایات موصول ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیب نے اب تک 12 ہزار 147 انکوائریاں مکمل کی ہیں، جبکہ 7 ہزار 339 تحقیقات مکمل کرنے کے علاوہ 4 ہزار 105 ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں۔ ڈی جی آپریشنز کے مطابق نیب کو گزشتہ ساڑھے 3 برس کے دوران 22 ارب 55 کروڑ 60 لاکھ روپے کا بجٹ فراہم کیا گیا۔
ان کے مطابق اسی عرصے کے دوران نیب نے 10 کھرب 69 ارب 38 کروڑ روپے کی ریکوری کی ہے۔