خراب کارکردگی کا ذمہ دار کوچ یا کپتان نہیں،اظہر علی
سابق قومی کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کا ذمے دار کسی کوچ یا کپتان کو نہیں ٹھہرائیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ڈرا ہونا بھی ایک مثبت چیز ہے، جبکہ عبداللّٰہ شفیق نے شاندار کم بیک کیا ہے، جو آسان نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ جس انداز سے بابر اعظم کھیل رہے ہیں، ہمیں پرانے بابر اعظم نظر آ رہے ہیں۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ تر ذمہ داری کپتان اور کوچ پر ڈال دیتے ہیں، حالانکہ گزشتہ 5 سال کے دوران جن چیزوں پر کام کرنا چاہیے تھا، ان پر کام نہیں کیا گیا، جس کے باعث ٹیم کی کارکردگی خراب ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جو تبدیلیاں فوری طور پر کی جا سکتی ہیں، وہ ضرور کی جائیں، تاہم مستقبل کو دیکھنا بھی بہت ضروری ہے۔ پاکستان کرکٹ کو آگے لے جانے کے لیے 4 سے 5 سال کی منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان نے انگلینڈ میں ہمیشہ اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور انگلینڈ کی سیریز قومی ٹیم کے لیے ایک چیلنج ضرور ہوگی، تاہم امید ہے کہ ٹیم ماضی کی طرح انگلینڈ میں بھی اچھا کھیل پیش کرے گی۔