پمز نرسنگ سٹاف کی ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے خلاف اجتماعی شکایت
پمز کے نرسنگ سٹاف نے ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ شازیہ کوثر کے خلاف اجتماعی شکایت جمع کرا دی ہے۔ نرسنگ اسٹاف نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کا عملے کے ساتھ مبینہ رویہ غیر مناسب ہے جبکہ انتظامی معاملات میں بھی جانبداری برتی جاتی ہے۔
شکایت میں نرسنگ سٹاف کے ساتھ مبینہ طور پر سخت اور غیر مناسب زبان استعمال کرنے، ہیڈ نرسز کے ساتھ سرکاری معاملات میں غیر مناسب رویے، سرکاری امور کو ذاتی طور پر لینے اور مبینہ غیر منصفانہ سلوک کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ نرسنگ اسٹاف نے ڈیوٹی روسٹر میں مبینہ طور پر بغیر شفاف جواز بار بار تبدیلیاں کرنے اور ہنگامی صورتحال میں جائز چھٹیوں کی درخواستوں پر مناسب غور نہ کرنے کی بھی شکایت کی ہے۔
شکایت کنندگان کے مطابق نرسنگ اسٹاف کو مبینہ طور پر سرکاری ذمہ داریوں سے ہٹ کر ذاتی کاموں کے لیے دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کی دفتر میں مبینہ تاخیر سے آمد کے باعث عملے کو انتظار کرنا پڑتا ہے۔
نرسنگ اسٹاف کا کہنا ہے کہ مبینہ رویے کے باعث عملے کا مورال اور کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے معاملے کی منصفانہ اور غیر جانب دارانہ انکوائری، ممکنہ انتقامی کارروائی سے تحفظ اور پمز میں پیشہ ورانہ اور باعزت ماحول یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
نرسنگ اسٹاف کے مطابق ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے مبینہ رویے سے متعلق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کو بھی متعدد بار شکایات کی جا چکی ہیں، تاہم تاحال کوئی حتمی نتیجہ یا کارروائی سامنے نہیں آ سکی۔ نرسنگ اسٹاف نے وزارتِ قومی صحت میں بھی درخواست دائر کر رکھی ہے اور وزارتِ صحت سے معاملے کا نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔