امریکی فوج نےایران میں قدم رکھا تو بھرپور مزاحمت ہوگی،ایرانی فوج
ایرانی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بھی امریکی فوجی نے ایرانی سرزمین پر قدم رکھنے کی کوشش کی تو اسے بھرپور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بریگیڈیئر جنرل علی جہانشاہی نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج دشمن کی کسی بھی کارروائی کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
ایرانی بری فوج کے کمانڈر نے کہا کہ ملک کی زمینی افواج مکمل جنگی تیاری کی حالت میں ہیں اور ایران کی سرحدوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ایرانی فوج کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لائے گی۔
جنرل علی جہانشاہی نے واضح کیا کہ ایران اپنی سرزمین کے دفاع کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن کی جانب سے کسی بھی کارروائی کی صورت میں ایرانی فوج فوری اور مؤثر جواب دے گی۔