Breaking News

سندھ میں 7 وزیراعلیٰ ہونے چاہئیں، اگلے جشنِ آزادی سے پہلے ہم آزاد ہونگے، مصطفیٰ کمال

سندھ میں 7 وزیراعلیٰ ہونے چاہئیں، اگلے جشنِ آزادی سے پہلے ہم آزاد ہونگے، مصطفیٰ کمال
۱۳ دن پہلے

ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ میں سات وزیراعلیٰ ہونے چاہئیں اور اگلے جشنِ آزادی سے پہلے ہم سب آزاد ہوں گے۔ کراچی میں پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی تبدیلی نہیں آرہی بلکہ اسی نظام میں رہتے ہوئے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے کے لیے ڈی سینٹرلائزڈ نظام بنایا جا رہا ہے۔

 

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ حکومت کو 22 ہزار ارب روپے ملے، لیکن اس کے باوجود کراچی رہنے کے لحاظ سے بدترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آگیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ 22 ہزار ارب روپے اب سندھ میں سات وزرائے اعلیٰ کے پاس آئیں گے اور اختیارات گلی محلوں تک منتقل کیے جائیں گے۔

 

انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے صوبوں کو ان کا حق اور پیسہ دے دیا ہے، اب وزیراعظم خود آکر گٹر کے ڈھکن، پانی، صحت اور تعلیم فراہم نہیں کرسکتے۔ ان کے مطابق وزیراعظم پالیسی دے رہے ہیں، وسائل فراہم کر رہے ہیں، 14، 14 گھنٹے کام کر رہے ہیں، سرمایہ کاری لارہے ہیں اور معاہدے کر رہے ہیں۔

 

مصطفیٰ کمال نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے سے سات گنا بڑی طاقت کو شکست دی اور آج دنیا پاکستان کی دفاعی طاقت کو تسلیم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ دفاعی معاہدے بھی کر رہا ہے۔

 

ایم کیو ایم رہنما نے کراچی میں نوجوان میر رضا علی کے قتل کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ کیس کو گھمایا جا رہا ہے اور آج کا مجمع میر رضا کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے اور چاہے ملزم کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اسے گرفتار کیا جائے۔ مصطفیٰ کمال نے حکمرانوں سے ظلم کے خاتمے اور اللہ سے ڈرنے کی اپیل بھی کی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں