آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ
آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوگیا، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق پونچھ کے پانچ اور سدھنوتی کے دو حلقوں میں انتخابات مؤخر کیے گئے ہیں، جبکہ ضلع باغ اور حویلی میں گزشتہ شب انتخابی سامان پہنچا دیا گیا۔
انتخابات میں دو سابق وزرائے اعظم سردار عتیق اور سردار تنویر الیاس جبکہ موجودہ وزیراعظم فیصل راٹھور بھی میدان میں ہیں۔ باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 میں سے 9 نشستوں پر مسلم لیگ ن جبکہ 4 نشستوں پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تھی۔ دوسرے مرحلے میں 21 میں سے 15 نشستیں مسلم لیگ ن اور 6 پیپلز پارٹی نے حاصل کی تھیں۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن نے اپنی مرضی سے انتخابات کروائے اور موجودہ الیکشن کمشنر کے مخصوص مقاصد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو جان بوجھ کر مخصوص مقاصد کے لیے بلایا گیا اور انتخابات میں مسلم لیگ ن کو زبردستی جتوایا جا رہا ہے۔