World

سعودی عرب میں صوفہ فیکٹری میں آتشزدگی، 16 بنگلادیشی جاں بحق

سعودی عرب میں صوفہ فیکٹری میں آتشزدگی، 16 بنگلادیشی جاں بحق
۱ منٹ پہلے

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صوفہ فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلادیشی تارکین وطن مزدور جاں بحق ہوگئے۔

 

بنگلہ دیش کی وزارتِ مہاجرین کی بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ نے فائر سروس ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ریاض میں صوفہ فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم 16 بنگلادیشی مزدور جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیرِ مہاجرین کی بہبود و اوورسیز ایمپلائمنٹ عارف الحق چودھری نے حادثے پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزارت کے مطابق جاں بحق ہونے والے 16 افراد میں سے 10 کا تعلق بنگلادیش کے شمالی ضلع نوگاؤں سے تھا، جبکہ دیگر کا تعلق نٹور اور راجشاہی اضلاع سے تھا۔

 

عارف الحق چودھری نے کہا کہ سعودی عرب میں روزگار کے لیے مقیم تارکین وطن کی اس طرح کی اچانک اور المناک اموات انتہائی دل دہلا دینے والی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں بنگلادیشی سفارتخانہ جائے حادثہ اور مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔

 

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاں بحق افراد کی میتیں جلد از جلد بنگلادیش منتقل کرنے کے اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ خاندانوں کے لیے ضروری سرکاری امداد اور معاوضے کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں