ٹرمپ ایران جنگ ہار چکے ہیں، ڈیموکریٹک سینیٹر کرس مرفی
ڈیموکریٹک سینیٹر کرس مرفی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری جنگ ہار چکے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ جنگ جاری رہنے سے امریکا کمزور جبکہ ایران مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرس مرفی نے این بی سی نیوز کو بتایا کہ وہ جنگ ختم کرنے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایک خراب معاہدے کی بھی حمایت کریں گے۔ ان کے مطابق مذاکرات میں تعطل کے باعث اہم آبی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنے کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔
کرس مرفی نے کہا کہ جنگ ختم ہونی چاہیے کیونکہ جنگ کا ہر گزرتا دن امریکا کو کمزور اور ایران کو مضبوط کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں عوام بھی اس صورتحال کا خمیازہ بھگت رہے ہیں کیونکہ قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
امریکی سینیٹر نے مزید کہا کہ وہ جنگ جاری رکھنے کے لیے مزید فنڈز فراہم کرنے کی مخالفت کریں گے، تاہم تنازع ختم ہونے کے بعد امریکی اسلحے اور گولہ بارود کے ذخائر دوبارہ بڑھانے کی حمایت کریں گے۔