World

شام اورروس کافوجی اڈوں کے مستقبل پر معاہدہ

شام اورروس کافوجی اڈوں کے مستقبل پر معاہدہ
۱ منٹ پہلے

شام نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ روس کے ساتھ ملک میں موجود حمیمیم فضائی اڈے اور طرطوس بحری اڈے کے مستقبل کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔

 

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’سانا‘ نے وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ دونوں فوجی اڈوں کو باہمی مفادات کے تحفظ کے لیے نئے انتظامات کے تحت مشترکہ تربیتی اور استعداد کار بڑھانے کے مراکز میں تبدیل کیا جائے گا۔

 

سانا کے مطابق یہ مفاہمتی یادداشت ڈیڑھ سال تک جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد طے پائی ہے، جس میں اس عمل کی تکمیل کے لیے زیادہ سے زیادہ تین ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ اس دوران دونوں اڈوں میں موجود شہری تنصیبات دمشق کے حوالے کردی جائیں گی۔ روس کی جانب سے تاحال معاہدے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

 

مذاکرات کے دوران حمیمیم اور طرطوس دونوں فوجی اڈے بدستور فعال رہے۔ سانا کے مطابق شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے اتوار کو دونوں مقامات کا دورہ کیا اور مفاہمتی یادداشت میں شامل تنصیبات اور سہولیات کا معائنہ کیا۔

 

اہم پیش رفت
شام کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ عمر الحصری نے بتایا کہ اتھارٹی نے لطاکیہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا انتظام سنبھالنا شروع کردیا ہے۔ یہ شہری ہوائی اڈہ حمیمیم ایئربیس سے متصل ہے اور اس کا آپریشن طویل عرصے سے روسی موجودگی سے منسلک رہا ہے۔

 

عمر الحصری کے مطابق اتھارٹی کی خصوصی ٹیموں نے ہوائی اڈے، اس کی تنصیبات اور نظام کا تکنیکی و آپریشنل جائزہ شروع کردیا ہے تاکہ اس کی بحالی کے لیے منصوبہ تیار کیا جاسکے۔ انہوں نے اس اقدام کو شام کے ہوائی اڈوں کی بحالی، انہیں دوبارہ فعال کرنے اور قومی سول ایوی ایشن نظام میں ضم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

 

شام نے ماسکو کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ صدر احمد الشرع نے اقتدار سنبھالنے کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ماسکو میں دو مرتبہ ملاقات بھی کی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں