لندن میں غیر سماجی اور خطرناک ڈرائیونگ، 8 ملین پاؤنڈ کی 90 گاڑیاں ضبط
سینٹرل لندن میں غیر سماجی اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 ملین پاؤنڈ سے زائد مالیت کی 90 گاڑیاں ضبط کرلی گئیں، جن میں 3.7 ملین پاؤنڈ مالیت کی فیراری مونزا بھی شامل ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس نے موٹر انشوررز بیورو کی معاونت سے 7 سے 9 اگست کے درمیان ہائیڈ پارک، کینزنگٹن اور چیلسی کے علاقوں میں بغیر انشورنس، غیر سماجی اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف آپریشن کیا۔
پولیس کے مطابق ضبط کی جانے والی سب سے مہنگی فیراری مونزا ایک روز قبل ہی برطانیہ پہنچی تھی اور ڈرائیور کو صرف آدھا گھنٹہ پہلے دی گئی تھی۔ پولیس نے گاڑی روکی تو ڈرائیور کے پاس صرف عارضی لائسنس تھا اور گاڑی کی انشورنس بھی نہیں تھی۔
اطالوی برانڈ کی یہ گاڑی صرف 499 یونٹس میں سے ایک ہے، جبکہ رواں برس کے آغاز میں اسی ماڈل کی ایک گاڑی نیلامی میں 3.7 ملین پاؤنڈ میں فروخت ہوئی تھی۔
پولیس نے کارروائی کے دوران غیر سماجی رویوں میں ملوث ڈرائیورز کو صرف وارننگ دینے کے بجائے گاڑیاں ضبط کرنے کے لیے نئے اختیارات بھی استعمال کیے۔ آپریشن کی قیادت کرنے والے اسپیشل چیف انسپیکٹر جیک ٹاٹ مین نے کہا کہ مقامی افراد غیر سماجی ڈرائیونگ سے تنگ ہیں اور یہ آپریشن واضح پیغام ہے کہ پولیس لاپرواہ اور خطرناک رویہ برداشت نہیں کرے گی۔
پولیس کے مطابق برطانیہ میں ہر ہفتے ایک شخص بغیر انشورنس گاڑی چلانے والے ڈرائیورز کے ہاتھوں ہلاک ہوتا ہے۔ کارروائی کے دوران بعض ڈرائیورز سے 1500 پاؤنڈ نقد رقم، 19 بینک کارڈز اور منشیات بھی برآمد ہوئیں۔