World

امریکی قونصل خانے کواڑانے کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار

امریکی قونصل خانے کواڑانے کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار
۱۱ منٹ پہلے

کینیڈا کے شہر ہیلی فیکس میں امریکی قونصل خانے کو بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی دینے والے 54 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق 9 اگست کی شام امریکی قونصل خانے کو بم کی دھمکی موصول ہوئی، جس کے بعد حکام نے مشتبہ شخص کی تلاش شروع کردی۔

 

پولیس نے اگلی صبح ہیلی فیکس کے پورڈی وارف پارکنگ ایریا میں مشتبہ شخص کی گاڑی تلاش کی، جس کے اندر ایک پروپین ٹینک اور متعدد ایسے کنٹینرز موجود تھے جن میں آتش گیر مائع ہونے کا شبہ تھا۔ اس کے علاوہ قریب ہی ایک مشکوک بیگ بھی ملا، جس کے بعد پولیس کے بم ڈسپوزل یونٹ نے کارروائی شروع کردی۔

 

سیکیورٹی خدشات کے باعث امریکی قونصل خانے کے اطراف کئی سڑکیں اور عمارتیں خالی کرا لی گئیں جبکہ پولیس آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ تقریباً دوپہر 2 بجے حکام نے تصدیق کی کہ گاڑی اور اس میں موجود سامان سے عوام کو مزید کوئی خطرہ نہیں اور علاقے کی سڑکیں دوبارہ کھول دی گئیں۔

 

کینیڈین پولیس کے مطابق گرفتار شخص سے تفتیش جاری ہے اور تاحال اس پر فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

رپورٹس کے مطابق رواں برس ٹورنٹو میں بھی امریکی قونصل خانے کو فائرنگ کے دو واقعات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے باعث کینیڈا میں امریکی سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں