میلان ایئرپورٹ پرگاڑی نجی طیارے سے ٹکرا گئی، فضائی آپریشن متاثر
اٹلی کے شہر میلان کے لیناتے ایئرپورٹ پر فیاٹ پانڈا گاڑی بے قابو ہو کر ایک نجی طیارے سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن تقریباً 30 منٹ تک متاثر رہا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ پیر کی صبح 11 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جب گراؤنڈ سروس میں استعمال ہونے والی فیاٹ پانڈا گاڑی ہاکر بیچ کرافٹ 400 اے نجی طیارے کے اگلے حصے سے جا ٹکرائی۔
تصادم کے نتیجے میں طیارے کے ریڈار ڈوم اور ناک والے حصے کو نقصان پہنچا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور طیارے سمیت گاڑی کا معائنہ کیا۔ حکام کے مطابق حادثے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کے باعث لیناتے ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا۔ ایئرپورٹ پر اس وقت متعدد پروازوں کی آمد و روانگی جاری تھی، جس کے باعث کچھ پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس کی جانب موڑنا پڑا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گراؤنڈ سروس کی گاڑی کا ڈرائیور طیارے سے ٹکرانے سے قبل گاڑی پر قابو کیوں نہ رکھ سکا۔ ابتدائی طور پر ڈرائیور کی ممکنہ توجہ بھٹکنے یا کسی طبی مسئلے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم حکام نے ان میں سے کسی وجہ کی تصدیق نہیں کی۔