Pakistan

شازیہ مری کی مبینہ جعلی ڈگری کیس کا 13 سال بعد فیصلہ

شازیہ مری کی مبینہ جعلی ڈگری کیس کا 13 سال بعد فیصلہ
۱ منٹ پہلے

سندھ ہائی کورٹ نے رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کے خلاف مبینہ جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہلی کی درخواست کا 13 سال بعد فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔

 

عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے تحت رکن پارلیمنٹ کو نااہل قرار دینے کا اختیار ہائی کورٹ کو حاصل نہیں۔ عدالت کے مطابق اسی نوعیت کا اعتراض 2018 کے انتخابات میں الیکشن ٹربیونل کے سامنے بھی اٹھایا گیا تھا، جبکہ الیکشن کمیشن نے 2022 میں شازیہ مری کی ڈگری سے متعلق اعتراض مسترد کردیا تھا۔

 

عدالت نے بتایا کہ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل 2023 میں واپس لینے پر خارج کردی گئی تھی۔ شازیہ مری کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈگری کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے شواہد کے ساتھ زیر بحث آچکا ہے اور الیکشن کمیشن پہلے ہی اس حوالے سے درخواست مسترد کرچکا ہے۔

 

عدالت نے کہا کہ آئین کے تحت کسی شخص کو سچا اور امین قرار دینے کا اختیار عدالتی ٹربیونلز کے پاس نہیں، جبکہ کسی شخص کو نااہل قرار دینے کے لیے محض آئینی درخواست کافی نہیں۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بھی یہ درخواست قابلِ سماعت نہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں