Pakistan

پیٹرول پمپس پھر بند ہونے کا خدشہ، ڈیلرز کا حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم

پیٹرول پمپس پھر بند ہونے کا خدشہ، ڈیلرز کا حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم
۱ منٹ پہلے

پاکستان بھر میں ایک بار پھر پیٹرول پمپس کی بندش کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مطالبات کی منظوری کے لیے حکومت کو 72 گھنٹے کی مہلت دے دی ہے۔

 

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مقررہ مدت میں مطالبات تسلیم نہ کیے تو 15 اگست کی صبح 6 بجے سے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیئے جائیں گے۔

 

ملک خدا بخش نے کہا کہ حکومت کو ڈیلرز کے مطالبات پیش کیے ہوئے 15 روز گزر چکے ہیں لیکن اب تک کوئی خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوئی، جس کے باعث ملک گیر بندش کا فیصلہ کرنے کی نوبت آئی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر رد و بدل کے باعث ڈیلرز کو مالی نقصان کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق قیمتوں میں بار بار تبدیلی سے پیٹرول پمپس چلانے والے ڈیلرز کے لیے کاروباری مشکلات اور مالی دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔

 

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کا مارجن بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کے تعین کے موجودہ نظام پر بھی نظرثانی کی جائے۔

 

ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ موجودہ مارجن ان کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور کاروباری ضروریات کے مقابلے میں ناکافی ہے، اسی لیے وہ مارجن میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

 

رواں سال مارچ میں بھی پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈیلرز مارجن 8 فیصد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دی تھی۔ اس وقت ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باوجود ڈیلرز کا مارجن اسی سطح پر برقرار ہے، جس کے باعث ان کے کاروباری اخراجات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں