یوٹیوب نے مونیٹائزیشن کی شرائط سخت کردیں، کمائی کے نئے اہداف مقرر
دنیا بھر میں ویڈیوز کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے والے صارفین کے لیے یوٹیوب نے مونیٹائزیشن سے متعلق شرائط مزید سخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YPP) کے ذریعے صارفین اشتہارات، چینل ممبرشپ، سپر چیٹ اور دیگر ذرائع سے آمدنی حاصل کرتے ہیں، تاہم نئے قواعد کے تحت پروگرام میں شمولیت کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ ویوز درکار ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق پہلے یوٹیوب سے اشتہارات کے ذریعے کمائی کے لیے چینل پر ایک ہزار سبسکرائبرز اور گزشتہ 12 ماہ کے دوران طویل ویڈیوز کے 4 ہزار گھنٹے واچ ٹائم کی شرط تھی، جبکہ شارٹس کے ذریعے مونیٹائزیشن کے لیے گزشتہ 90 روز میں ایک کروڑ ویوز درکار تھے۔
نئے قواعد کے مطابق یکم فروری 2027 سے طویل ویڈیوز کے لیے مطلوبہ واچ ٹائم بڑھا کر 8 ہزار گھنٹے جبکہ شارٹس کے لیے 90 روز میں مطلوبہ ویوز 2 کروڑ کر دیے جائیں گے۔ گوگل کے مطابق پہلے سے یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ بننے والے صارفین ان تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوں گے۔
یوٹیوب نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مستقبل میں شارٹس سے آمدنی جاری رکھنے کے لیے صارفین کو ہر 90 دن میں ایک کروڑ ویوز کی شرط برقرار رکھنا ہوگی۔ اگر کوئی صارف یہ ہدف حاصل نہ کرسکا تو وہ پارٹنر پروگرام میں شامل رہے گا اور طویل ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرسکے گا، تاہم شارٹس سے کمائی دوبارہ ایک کروڑ ویوز کا ہدف مکمل کرنے کے بعد ہی ممکن ہوگی۔
کمپنی کے مطابق یوٹیوب پر روزانہ 200 ارب سے زائد شارٹس دیکھی جاتی ہیں جبکہ صرف ٹی وی اسکرینز پر روزانہ ایک ارب گھنٹے سے زائد یوٹیوب ویڈیوز دیکھی جاتی ہیں۔ نئے قواعد کا مقصد پلیٹ فارم پر بڑھتی ہوئی ویڈیو سرگرمی کے ساتھ مونیٹائزیشن کے معیار کو برقرار رکھنا بتایا گیا ہے۔