Breaking News

جاپان کی پاکستان کو انسانی وسائل کی ترقی کیلئے 35 کروڑ ین کی گرانٹ

جاپان کی پاکستان کو انسانی وسائل کی ترقی کیلئے 35 کروڑ ین کی گرانٹ
۱ منٹ پہلے

جاپان کی حکومت نے پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی کے لیے 350 ملین جاپانی ین، یعنی 35 کروڑ ین کی گرانٹ فراہم کردی ہے۔ یہ مالی معاونت مالی سال 2026 کے لیے جاپان ڈویلپمنٹ اسکالرشپ (JDS) پروگرام پر عمل درآمد کے لیے دی گئی ہے۔

 

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی اور وزارتِ اقتصادی امور کے سیکریٹری محمد حمیر کریم کڈوائی نے گرانٹ سے متعلق دستاویزات پر دستخط کیے اور ان کا تبادلہ کیا۔ مالی سال 2026 کے منصوبے پر عمل درآمد سے متعلق گرانٹ معاہدے پر جائیکا پاکستان دفتر کے چیف نمائندے شنوزاکی یوسوکے اور وزارتِ اقتصادی امور کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری میران محی الدین سومرو نے بھی دستخط کیے۔

 

JDS پروگرام کا آغاز 2018 میں حکومتِ پاکستان کی انتظامی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے مقصد سے کیا گیا تھا۔ پروگرام کے تحت باصلاحیت پاکستانی سرکاری افسران کو جاپان کی ممتاز جامعات میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، خصوصاً ایسے شعبوں میں جہاں وہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی سے متعلق پالیسی سازی اور اس پر عمل درآمد میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

 

جائیکا کے مطابق JDS پروگرام کے تحت اب تک 100 سے زائد پاکستانی سرکاری افسران جاپان جاچکے ہیں، جبکہ 80 سے زائد اسکالرز اپنی تعلیم مکمل کرکے پاکستان واپس آچکے ہیں۔ جاپانی سفارتخانے کے مطابق یہ افسران جاپان سے حاصل کردہ علم اور مہارتوں کو پاکستان کی ترقی کے لیے بروئے کار لا رہے ہیں۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے کہا کہ JDS پروگرام اس تصور پر مبنی ہے کہ انسانوں پر سرمایہ کاری کسی بھی ملک کی سب سے پائیدار سرمایہ کاری ہوتی ہے۔ ان کے مطابق پروگرام کا مقصد صرف نوجوان سرکاری افسران کو تعلیمی ڈگریاں دلانا نہیں بلکہ ایسے مستقبل کے رہنماؤں کی تیاری بھی ہے جو نئی معلومات، نئے نقطۂ نظر اور جاپان کی ثقافت و اقدار کی بہتر سمجھ کے ساتھ پاکستان واپس آئیں۔

 

جائیکا پاکستان دفتر کے چیف نمائندے شنوزاکی یوسوکے نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ حکومتِ پاکستان کی ادارہ جاتی صلاحیت بہتر بنانے اور ملک کی پائیدار ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ JDS پروگرام کا تیسرا مرحلہ پاکستانی سرکاری افسران کی صلاحیتوں میں اضافے اور پاکستان و جاپان کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں