پی ٹی آئی کارکن کی سکیورٹی اہلکار پر فائرنگ قابل مذمت ہے: عطاء اللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولپنڈی مال روڈ پر پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کی سیاست اور اسلحے سے لیس ہوکر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے۔
خصوصی بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا، جبکہ مسلح ہوکر دن دیہاڑے سکیورٹی اہلکار پر فائرنگ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں کہ وہ اسلحے سے لیس ہوکر آئے اور احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو شہید کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی اور اس کا کوئی احتجاج بھی پرامن نہیں ہوا۔ ان کے مطابق پارٹی کے مقاصد اور عزائم پوری قوم دیکھ چکی ہے۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج کے واقعے سے بہت سی چیزیں دنیا کے سامنے آئی ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کارکن سے پارٹی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔ ان کے بقول پاکستان کی ترقی پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہورہی اور وہ ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کردیتی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی بھی کال دی ہے، تاہم حکومت ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت ملک کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے اور ان شاء اللہ پاکستان ترقی کرتا رہے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور پاکستانی عوام کو ہر محاذ پر فتح ہوگی جبکہ دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔