Breaking News

تحقیقات درست سمت میں بڑھ رہی ہیں،والد میر رضا،شرٹ کی کیمیائی جانچ مکمل

تحقیقات درست سمت میں بڑھ رہی ہیں،والد میر رضا،شرٹ کی کیمیائی جانچ مکمل
۱ منٹ پہلے

میر رضا کے والد میر حسین نے بیٹے کی موت کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 دن بعد پہلی بار محسوس ہورہا ہے کہ تحقیقات درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں۔

 

کراچی کے تاجر میر رضا کے کیس میں نئی تفتیشی ٹیم کے ارکان، مقتول کے والدین اور وکیل جبران ناصر نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میر حسین نے کہا کہ اگر ابتدا ہی میں مؤثر تحقیقات کی جاتیں تو کیس آج مختلف مرحلے میں ہوتا، تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ میر رضا کے ساتھ اصل میں کیا ہوا۔

 

میر حسین نے کہا کہ نئی تفتیشی ٹیم خاندان کی تمام باتیں سن رہی ہے اور انہیں ٹیم پر اعتماد ہے۔ انصاف کے لیے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے اور حقیقت جاننے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میر رضا کا کچن جائے وقوعہ سے تقریباً آدھا کلومیٹر دور تھا جبکہ 3 مشکوک افراد سے متعلق معلومات پولیس کو پہلے ہی فراہم کی جاچکی ہیں۔

 

مقتول کے والد نے مزید کہا کہ سابق تفتیشی ٹیم نے خاندان کے ساتھ تحقیقات شیئر نہیں کیں، تاہم امید ہے کہ نئی تفتیشی ٹیم کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

 

دوسری جانب کیس کے وکیل جبران ناصر نے کہا کہ خاندان نے اپنی مدد آپ کے تحت اہم مقامات کی نشاندہی کرکے انہیں پولیس کو دکھایا۔ میر رضا کے والدین ہر سوال پر پولیس سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قبر کشائی کے بعد حاصل کیے گئے نمونے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ پوسٹ مارٹم کے دوران حاصل کیے گئے نمونوں کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

 

کراچی کے نوجوان میر رضا کی شرٹ کی کیمیائی جانچ مکمل کرلی گئی ہے اور رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق کیمیائی تجزیے کے دوران شرٹ پر تیزاب کے شواہد ملے ہیں، جبکہ میر رضا کے خون کے نمونے میں بے ہوشی کی دوا کے اجزا بھی پائے گئے ہیں۔

 

ذرائع کے مطابق میر رضا کی شرٹ پر گن شاٹ ریزیڈیو (GSR) کمر کے حصے پر پایا گیا۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ کمر کی جانب GSR کی زیادہ مقدار موجود ہونے سے بظاہر یہ امکان سامنے آتا ہے کہ گولی کمر کی جانب سے لگی۔

 

تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کی شرٹ کو کیمیائی تجزیے کے لیے چند روز قبل لیبارٹری بھیجا گیا تھا، جس کی رپورٹ اب پولیس کو موصول ہوگئی ہے۔

 

دوسری جانب میر رضا کیس کی تفتیش میں پولیس کی مزید خامیاں بھی سامنے آئی ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق کئی دن گزرنے کے باوجود جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ نہیں کروائی گئی اور میر رضا کا موبائل ڈیٹا ریکارڈ بھی حاصل نہیں کیا گیا۔

 

تفتیشی حکام کا مزید کہنا ہے کہ میر رضا کی اسمارٹ واچ کا فرانزک تجزیہ بھی نہیں کروایا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں