پاکستانی شہریت اور پاسپورٹ ترک کرنے والے پہلی بار حج کوٹے میں شامل
سعودی عرب نے پی او سی ہولڈرز کو حج کوٹے میں شامل کرنے کی اجازت دے دی، پاکستانی شہریت اور پاسپورٹ ترک کرنے والوں کو پہلی بار سہولت فراہم کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان اوریجن کارڈ رکھنے والے پاکستانی نژاد افراد کو پہلی بار پاکستانی حج کوٹے میں شامل کرنے کی اجازت دے دی۔
وزارتِ مذہبی امور نے بتایا کہ پی او سی کارڈ ہولڈرز کے لیے پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا ایک فیصد مختص کیا جائے گا، جس کے تحت تقریباً 1,792 پاکستانی نژاد پی او سی کارڈ ہولڈرز پہلی مرتبہ پاکستانی کوٹے پر فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔
نئی سہولت کے تحت پی او سی کارڈ رکھنے والے افراد سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
یہ سہولت ان پاکستانی نژاد افراد کے لیے اہم پیش رفت ہے، جنہوں نے ماضی میں پاکستانی شہریت اور پاسپورٹ ترک کردیا تھا۔
وزارتِ مذہبی امور کا کہنا تھا کہ پی او سی ہولڈرز کے حج ویزوں کے اجرا کے لیے یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ سعودی ویزا جاری کرنے میں کسی قسم کی قانونی یا انتظامی رکاوٹ موجود نہ ہو۔