پاکستان ترقی، دفاع اور علاقائی استحکام کی جانب گامزن ہے: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر ملک اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آج ترقی، مضبوط دفاع اور علاقائی استحکام کی جانب کامیابی سے گامزن ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا قیام قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ قیادت اور ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔
تحریکِ آزادی کے رہنماؤں اور کارکنان کی جدوجہد نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد وطن کے نصب العین پر متحد کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایسی سرزمین ہے جہاں تمام شہری آئین اور قانون کے تحت بلا تفریق عزت، وقار اور مساوی حقوق کے ساتھ زندگی گزار سکتے ہیں، جبکہ اسلامی تعلیمات اور بابائے قوم کے نظریات ریاست کی بنیاد ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے گزشتہ ڈھائی برس میں مشکل معاشی فیصلے کرتے ہوئے معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کیا ہے اور اب ملک ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔
انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع، آبی وسائل اور دیگر قومی مفادات کے تحفظ پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان آج عالمی برادری میں امن، علاقائی استحکام اور تعاون کی ایک باوقار آواز بن چکا ہے، جبکہ فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی برقرار رہے گی۔