Breaking News

کیو آر کوڈ پر مبنی نئے قومی شناختی کارڈ کااجرا شروع

کیو آر کوڈ پر مبنی نئے قومی شناختی کارڈ کااجرا شروع
۱ منٹ پہلے

نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 14 اگست کے موقع پر پاکستان میں تیار کردہ کیو آر کوڈ پر مبنی چِپ کے بغیر نئے قومی شناختی کارڈ کا مرحلہ وار اجرا شروع کردیا ہے۔

 

نادرا پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قومی شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات جاری کرنے والا مجاز ادارہ ہے۔ نئے شناختی کارڈ میں چِپ کے بجائے کیو آر کوڈ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جس کے ذریعے شناختی دستاویزات کے نظام کو مزید جدید بنایا جا رہا ہے۔

 

نادرا کے مطابق کیو آر کوڈ پر مبنی نیا شناختی کارڈ ابتدائی مرحلے میں موجودہ چِپ لیس ٹیسلن شناختی کارڈ کی جگہ مرحلہ وار جاری کیا جا رہا ہے۔

 

اس عمل کو مزید وسعت دیتے ہوئے جنوری 2027 سے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا شناختی کارڈ نیشنل آئی ڈی کارڈ فار اوورسیز پاکستانیز (NICOP) اور جووینائل کارڈ سمیت قومی شناختی کارڈ کی تمام اقسام کے لیے جاری کیا جائے گا۔ بعد ازاں آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ (POC) کو بھی چِپ لیس کیو آر کوڈ پر مبنی نئے شناختی کارڈ میں منتقل کردیا جائے گا۔

 

نادرا نے واضح کیا ہے کہ نئے چِپ لیس شناختی کارڈ کے اجرا سے پہلے سے جاری شدہ شناختی کارڈ غیر مؤثر نہیں ہوں گے۔ موجودہ شناختی کارڈ اپنی مقررہ تاریخِ میعاد تک بدستور قابلِ استعمال اور قانونی طور پر کارآمد رہیں گے۔

 

شہریوں کو صرف نئے نظام کے آغاز کی وجہ سے اپنا موجودہ شناختی کارڈ فوری طور پر تبدیل کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نئے کیو آر کوڈ پر مبنی شناختی کارڈ کا اجرا موجودہ کارڈز کو فوری طور پر منسوخ کرنے کے بجائے مرحلہ وار منتقلی کا عمل ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں