Breaking News

بل گیٹس کی بیٹی کو 20 سال قید کی سزا کا خدشہ

بل گیٹس کی بیٹی کو 20 سال قید کی سزا کا خدشہ
۱ منٹ پہلے

امریکی ارب پتی بل گیٹس کی 23 سالہ بیٹی فیبی گیٹس کی اسٹارٹ اپ کمپنی ’فیا‘ پر آن لائن فروخت کا کریڈٹ غلط طور پر اپنے نام کرنے کے لیے ’کوکی سٹفنگ‘ میں ملوث ہونے کے الزامات سامنے آئے ہیں، جس کے سنگین قانونی نتائج بھی ہو سکتے ہیں۔

 

’کوکی سٹفنگ‘ ایک ایسا طریقہ ہے جس میں صارف کی آن لائن سرگرمی کو اس انداز میں ٹریک کیا جاتا ہے کہ کسی فروخت کا کریڈٹ اور اس پر ملنے والا کمیشن ایسی کمپنی کو بھی حاصل ہو جائے جس نے حقیقت میں فروخت مکمل کرانے میں کوئی کردار ادا نہ کیا ہو۔ رپورٹ کے مطابق اس خلاف ورزی کی زیادہ سے زیادہ سزا 20 سال قید ہو سکتی ہے۔

 

’فیا‘ ایک ڈیجیٹل شاپنگ اسسٹنٹ کمپنی ہے، جسے فیبی گیٹس نے اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی اپنی سابقہ ساتھی صوفیا کیانی کے ساتھ مل کر قائم کیا تھا۔

 

جولائی میں سامنے آنے والی رپورٹس کے بعد کمپنی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے اس مسئلے کا علم صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوا اور خرابی دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا کہ دونوں بانیان کو کم از کم سات ماہ سے اس مسئلے کا علم تھا۔

 

رپورٹس کے مطابق فیا صارفین کے براؤزرز میں ضرورت سے زیادہ ’کوکیز‘ محفوظ کر رہی تھی، جس کے نتیجے میں بعض کاروباری شراکت داروں کے ہاں ہونے والی ایسی آن لائن فروخت کا کریڈٹ بھی کمپنی کو مل رہا تھا جس میں فیا نے حقیقی طور پر کوئی کردار ادا نہیں کیا تھا۔

 

بلومبرگ کے مطابق کمپنی اپنے کمیشن سے متعلق فروخت کا تخمینہ بھی بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی تھی۔ وکیل ایریل گیفنر نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر خبردار کیا کہ ’کوکی سٹفنگ‘ کے سنگین قانونی نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

 

دوسری جانب فیا کے ترجمان نے نیویارک پوسٹ کو بتایا کہ وہ تمام خصوصیات جن کی وجہ سے فروخت غلط طور پر منسوب ہو رہی تھی، 7 جولائی کو ہٹا دی گئی تھیں۔ ترجمان کے مطابق کمپنی غلط طور پر منسوب کیے گئے معاملات کو منسوخ کرنے اور اپنے تجارتی شراکت داروں کو کمیشن واپس کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

 

کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ ایک کمپلائنس افسر مقرر کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسا معاملہ دوبارہ پیش نہ آئے۔

 

فیا نے 2025 میں ہائلی بیبر، کرس جینر اور اسپینکس کی بانی سارہ بلیکلی سمیت سرمایہ کاروں سے تقریباً 30 ملین ڈالر حاصل کیے تھے۔

 

کمپنی ایک سپورٹ پلیٹ فارم اور براؤزر ایکسٹینشن کے طور پر کام کرتی ہے۔ خریداری کے دوران فیا کی ایکسٹینشن صارفین کے لیے ای کامرس اسٹورز پر ڈسکاؤنٹ کوڈز تلاش کرتی ہے۔ اگر صارف فیا کا فراہم کردہ کوپن استعمال کرے تو ایکسٹینشن ایک ’کوکی‘ محفوظ کرتی ہے، جو صارف کی سرگرمی کو ٹریک کرتی ہے اور فروخت کا کریڈٹ فیا کو دلانے میں مدد دیتی ہے۔

 

تاہم باخبر ذرائع اور بلومبرگ کی جانب سے دیکھے گئے اندرونی سلیک پیغامات کے مطابق فیبی گیٹس اور صوفیا کیانی کو مبینہ طور پر معلوم تھا کہ کمپنی کی بعض خصوصیات ایسی کوکیز محفوظ کر رہی تھیں، حتیٰ کہ اس وقت بھی جب صارف نے فیا کا کوپن استعمال نہیں کیا تھا۔

 

رپورٹ کے مطابق یہ طریقہ کم از کم دسمبر سے نائکی، گیپ اور نوردسٹروم سمیت متعدد بڑے اسٹورز پر استعمال ہو رہا تھا اور کمپنی کی آمدنی کا بڑا حصہ اسی ذریعے سے حاصل ہو رہا تھا۔

 

جولائی میں ان خصوصیات کو معطل کیے جانے کے بعد فیا کی اوسط یومیہ آمدنی تقریباً 80 ہزار ڈالر سے کم ہو کر 10 ہزار سے 28 ہزار ڈالر کے درمیان رہ گئی۔

 

رپورٹ کے مطابق جون میں ’کوکی سٹفنگ‘ سے منسوب فروخت کمپنی کی جانب سے اپنے لیے کریڈٹ کی جانے والی مجموعی فروخت کا تقریباً 51 فیصد تھی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں