Breaking News

پیٹرول قیمتیں کم کرائیں گے،حق کیلئےسڑکوں پر نکلنا ہوگا،نعیم الرحمن

پیٹرول قیمتیں  کم کرائیں گے،حق کیلئےسڑکوں پر نکلنا ہوگا،نعیم الرحمن
۱ منٹ پہلے

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بجلی کی قیمتوں میں کمی کی طرح پیٹرول کی قیمتیں بھی کم کرائے گی، تاہم اپنا حق لینے کے لیے عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔

 

لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومتی طبقہ اپنی نااہلیوں کا بوجھ عوام پر ڈال رہا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کے مختلف شعبوں میں 1100 ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے، صنعتیں تباہی کا شکار ہیں جبکہ عام آدمی پر لیوی، فیول ایڈجسٹمنٹ، ٹیکسز اور دیگر ڈیوٹیز کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے سے بھی ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، جبکہ ایک مخصوص طبقے کو سالانہ 17 ارب ڈالر کی مراعات دی جارہی ہیں، جن میں سرکاری مراعات حاصل کرنے والے افراد اور آئی پی پیز بھی شامل ہیں۔

 

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ڈیزل اور پیٹرول مہنگا ہونے سے روزمرہ استعمال کی ہر چیز متاثر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئین کے مطابق عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتیں مل رہی ہوتیں تو صورتحال مختلف ہوتی، لیکن عوام کو صحت اور تعلیم کی مناسب سہولتیں بھی دستیاب نہیں۔

 

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستانی قوم بجلی پیدا کرنے سے زیادہ رقم کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں ادا کررہی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ سال جماعت اسلامی کی تحریک کے نتیجے میں بجلی کے بلوں میں کمی ہوئی، تاہم پنجاب اور خیبر پختونخوا میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اب بھی 6 گھنٹے سے تجاوز کرچکا ہے۔

 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی لگا کر ریفائنریز کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر ایسا نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے 1500 ارب روپے وصول کیے گئے۔

 

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے نتیجے میں بجلی کی قیمتیں کم ہوئی تھیں اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے۔

 

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی عہدیداروں، خواہ وہ جرنیل، بیوروکریٹ، رکن قومی اسمبلی یا وزیر ہوں، کسی کی سرکاری گاڑی 1300 سی سی سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مریم نواز کے لیے 11 ارب روپے کے مبینہ جہاز کی خریداری پر بھی سوال اٹھایا۔

 

حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی گورنر ہاؤسز اور ایوانِ وزرائے اعلیٰ کے سامنے احتجاج کرے گی۔ ان کے مطابق گزشتہ احتجاج میں 500 سے زائد مقامات پر پُرامن مظاہرے کیے گئے تھے اور اب بھی پُرامن احتجاج کیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا آغاز کل سہ پہر 3 بجے ہوگا اور اسے ختم کرنے کی کوئی مدت مقرر نہیں کی گئی۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پیٹرول، بجلی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کی جائیں۔ انہوں نے گڈز ٹرانسپورٹرز سمیت تمام شہریوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔

 

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرول کی 225 روپے فی لیٹر قیمت مناسب ہے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ احتجاج میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں، بصورت دیگر یہ تحریک حکومت مخالف تحریک میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں