اسلام آبادکےتھانوں کو 14سال بعد نئی گاڑیاں فراہم،9 ہزاربھرتیوں کااعلان
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 27 تھانوں کو 14 سال بعد 30 نئی گاڑیاں فراہم کردی گئی ہیں، جبکہ پولیس کی نفری کی کمی پوری کرنے کے لیے 9 ہزار نئے جوانوں کی بھرتی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد پولیس کے تھانوں کو نئی گاڑیاں دینے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے نئی گاڑیوں کی چابیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ممکن نہیں۔ وقت کے مطابق پولیس کی ضروریات پوری کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی گاڑیوں سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا اور عوام کی حفاظت و سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وسائل کی فراہمی سے پولیس اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کرسکے گی۔ اسلام آباد کے تمام تھانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے، جسے جلد مکمل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے اور اس سے پٹرولیم اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ نئی گاڑیاں اسلام آباد کے تمام 27 تھانوں کے حوالے کردی گئی ہیں۔ ان کے مطابق اسلام آباد پولیس کے پاس 14 سال پرانی گاڑیاں تھیں، جبکہ افسران کو بھی ضروری لاجسٹکس فراہم کیے جارہے ہیں اور ان کے لیے گھروں کی تعمیر بھی کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام 27 تھانوں کی تعمیر اور بحالی پر کام جاری ہے اور اسی سال تمام تھانوں پر تعمیراتی کام مکمل کرلیا جائے گا۔
طلال چوہدری کے مطابق نفری کی کمی پوری کرنے کے لیے 9 ہزار نئے جوان بھرتی کیے جارہے ہیں اور بھرتیوں میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے اسلام آباد پولیس کو پورے ملک کے لیے ایک ماڈل پولیس فورس بنایا جائے گا۔ تقریب میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔