ریاض ایئرکا پاکستان میں فضائی آپریشنز کا آغاز
ریاض ایئر نے پاکستان میں اپنے فضائی آپریشنز کا آغاز کردیا، جس کے تحت ریاض ایئر کی پہلی پرواز RX 660 ریاض سے 69 مسافروں کے ساتھ اسلام آباد پہنچ گئی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریاض ایئر کی آمد کے موقع پر طیارے کو واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا۔
پی اے اے کے مطابق ریاض ایئر ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ہفتہ وار 7 پروازیں چلائے گی۔
ریاض ایئر کی افتتاحی تقریب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے شرکت کی۔
ڈی جی پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے ریاض ایئر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاض ایئر کی آمد سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی رابطوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ریاض ایئر کا پاکستان میں فضائی آپریشنز کا آغاز پاک سعودی فضائی تعاون میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
بعد ازاں ریاض ایئر کی افتتاحی پرواز 272 مسافروں کے ساتھ اسلام آباد سے روانہ ہوگئی۔