Sports

آسٹر یلوی ٹیم مشکلات کا شکار،بنگلہ دیش کی اولین تاریخی فتح پر نظریں

آسٹر یلوی ٹیم مشکلات کا شکار،بنگلہ دیش کی اولین تاریخی فتح پر نظریں
۱۶ گھنٹے پہلے

پہلے ٹیسٹ میچ  میں بنگلہ دیش کے خلاف آسٹریلیا کی ٹیم مشکلات کا شکار ہے جبکہ مہمان ٹیم نے کینگروز کی سرزمین پر اولین تاریخی فتح پر نظریں جما لیں۔

 

ڈارون ٹیسٹ کے تیسرے دن آسٹریلوی ٹیم نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا لیے ہیں، اسے مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 67 رنز درکار ہیں۔

 

اس سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 426 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

 

تفصیلات کے مطابق ڈارون میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن بنگلہ دیش کی ٹیم 426 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

 

 تنزید حسن 101 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، کپتان نجم الحسن شانتو نے 84، مہدی حسن نے 65 اور مومن الحق نے 49 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 6 جبکہ مچل اسٹارک نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہیں تھا۔ صرف 4 رنز کے مجموعے پر جیک ویدرلڈ صفر پر پویلین لوٹ گئے، انہیں حسن محمود نے کلین بولڈ کیا۔ ٹریوس ہیڈ بھی 37 کے مجموعے پر حسن محمود کے ہاتھوں ہی کلین بولڈ ہوئے۔

 

لبوشین آؤٹ ہونے والے تیسرے آسٹریلوی بیٹسمین تھے، انہیں تاج الاسلام نے بولڈ کیا اور وہ 31 رنز بنا سکے۔ اسٹیو اسمتھ کو مہدی حسن نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا، انہوں نے 44 رنز بنائے۔

 

تیسرے روز کے اختتام پر کیمرون گرین 43 اور الیکس کیری 19 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں