سکھوں کا شملہ کو خالصتان کا دارالحکومت قرار دینے کا اعلان
امریکی ریاست انڈیانا کے شہر انڈیانا پولس میں خالصتان پنجاب آزادی ریفرنڈم کے دوران گرپتونت سنگھ پنوّں نے شملہ کو ’’ڈیموکریٹک ریپبلک آف خالصتان‘‘ کا دارالحکومت قرار دیا۔ ریفرنڈم کے اختتام پر ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے اور خالصتان کا نقشہ جاری کرتے ہوئے پنوّں نے کہا کہ سکھ فار جسٹس خالصتان کے قیام کے لیے پُرامن اور بیلٹ کے ذریعے جمہوری عمل کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھوں کو اپنے مذہب اور خاندان کے دفاع کا قانونی حق حاصل ہے۔
انہوں نے نئی دہلی پر پنجاب کے خلاف ’’تین محاذوں پر جنگ‘‘ کی حکمت عملی اپنانے کا الزام بھی عائد کیا۔ پنوّں کے مطابق اس میں منشیات کے خلاف جنگ، قرضوں کی جنگ اور آبادیاتی جنگ شامل ہیں۔ سکھ فار جسٹس کے مطابق خالصتان ریفرنڈم کے اگلے مرحلے میں 18 اکتوبر کو کینیڈا کے صوبے البرٹا میں ووٹنگ ہوگی۔
پنوّں نے دعویٰ کیا کہ منشیات کے ذریعے پنجاب کے نوجوانوں کو تباہ کیا جا رہا ہے، جبکہ زرعی قرضوں اور مالی مشکلات کے باعث سکھ کسان خودکشیوں پر مجبور ہو رہے ہیں۔ تقریب کے دوران پنوّں نے ہردیپ سنگھ نجر، تلوِندر سنگھ پرمار اور لکھبیر سنگھ روڈے کی یاد کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔