امریکی جنگی جہازبجلی سے محروم ،بیت الخلاء، کچن، ایئر کنڈیشننگ، پانی بند
امریکی بحریہ کا گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس بین فولڈ گزشتہ ماہ جنوبی بحیرۂ چین میں انجینئرنگ کی خرابی کے باعث 4 دن تک بجلی سے محروم رہا۔
امریکی میڈیا کے مطابق شدید گرمی کے دوران بجلی کی بندش کے باعث جنگی جہاز کے بیت الخلاء، کچن، ایئر کنڈیشننگ اور پینے کے پانی کی سہولتیں متاثر ہوئیں۔
امریکی ساتویں بحری بیڑے کے ترجمان کمانڈر میتھیو کومر کے مطابق انجینئرنگ کی خرابی کے باعث تقریباً 10 ہزار ٹن وزنی جہاز نہ صرف حرکت کرنے کی صلاحیت سے محروم ہوگیا بلکہ اس کی متعدد بنیادی سہولتیں بھی بند ہوگئیں۔ دیگر امریکی جنگی جہازوں نے عملے کو مدد فراہم کی۔
کمانڈر میتھیو کومر نے بتایا کہ یو ایس ایس بین فولڈ کو مرمت کے لیے فلپائن کے سبک بے تک کھینچ کر لے جایا گیا، جہاں مرمت کا کام 8 اگست تک مکمل ہوگیا اور جہاز دوبارہ ڈیوٹی پر واپس آگیا۔
ترجمان کے مطابق بجلی کی بندش کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق بین فولڈ کا واقعہ بحرالکاہل میں امریکی کمان کے علاقے میں کسی امریکی ڈسٹرائر کی دوسری بڑی بجلی کی بندش کا واقعہ ہے۔