بلاول بھٹو کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات، پارلیمانی امور اور ملکی سیاست پر تبادلہ خیال
اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائدِ حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سیکریٹری جنرل اسد قیصر، وائس چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر، رکن قومی اسمبلی عادل بازئی اور ترجمان اخوندزادہ حسین بھی شریک ہوئے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، نوید قمر اور ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پارلیمانی امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن رہنماؤں سے درخواست کی کہ وہ پارلیمانی کمیٹیوں میں شامل ہوکر فعال کردار ادا کریں۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔
پاکستان پیپلزپارٹی اور اپوزیشن رہنماؤں نے پارلیمان میں قانون سازی کے حوالے سے باہمی رابطے مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپوزیشن رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کے عمل میں پارلیمان کے اندر اپنا کردار ادا کریں۔
پیپلزپارٹی کی قیادت نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں عمران خان کی اسپتال منتقلی اور علاج کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جمہوری روایت ہے۔