Business

ریٹیلر ایپ کا اجرا،چھوٹے دوکانداروں کیلئےٹیکس سکیم آسان بنائی ہے،وزیر خزانہ

ریٹیلر ایپ کا اجرا،چھوٹے دوکانداروں کیلئےٹیکس سکیم آسان بنائی ہے،وزیر خزانہ
۲۰ گھنٹے پہلے

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریٹیلر ایپ کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس سکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے نفاذ سے معیشت میں شفافیت آئے گی۔

 

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ بجٹ اسکیم کو بہتر بنانے کے لیے مشاورتی عمل کو مؤثر بنایا جارہا ہے۔ مختلف طبقات اور شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی سازی کرنا ضروری ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ناگزیر ہے۔ کسی ایک طبقے کو نظرانداز کرکے ملک کا نظام نہیں چلایا جاسکتا۔ 25 سے 26 کروڑ آبادی والے ملک کو آسان اور بہتر نظام فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ عوام کے لیے نظام کو آسان اور مؤثر بنانا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے۔

 

وزیر خزانہ نے بتایا کہ چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے۔ چھوٹے دکاندار چاہیں تو اس اسکیم کے بجائے معمول کے ٹیکس نظام میں رہ سکتے ہیں۔

 

محمد اورنگزیب نے کہا کہ دکانداروں کے لیے نئی اسکیم میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں اور چھوٹے دکانداروں اور دیگر کاروباری طبقات کے درمیان واضح تفریق رکھی گئی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکس نظام میں ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلا جائے اور کسی طبقے کو یہ شکایت نہ ہو کہ اس پر دوسرے طبقات کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

 

وزیر خزانہ نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ نئی اسکیم میں شامل ہوکر اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے، ان کے خلاف آئندہ ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومت کا مقصد ہر کاروباری طبقے کو قومی ٹیکس دائرے میں لانا اور ٹیکس نظام میں ہر طبقے کی شمولیت یقینی بنانا ہے۔ نئی اسکیم کی کامیابی کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا تعاون بھی ضروری ہے۔

 

 

تاجروں کی مشاورت سے اسکیم تیار کی گئی، بلال اظہر کیانی

 

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تاجر برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، تاجروں کی مشاورت اور رہنمائی سے نئی اسکیم تیار کی گئی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری سے مشاورت کے بعد اسکیم کو حتمی شکل دی گئی، جبکہ تاجروں کے لیے تیار کردہ اسکیم کا آج باقاعدہ عملی آغاز ہوگیا ہے۔

 

بلال اظہر کیانی کے مطابق اسکیم کا اعلان 5 جون کو وزیر خزانہ کی زیر صدارت تقریب میں کیا گیا تھا، جبکہ بجٹ پیش ہونے کے بعد اس کے عملی نفاذ کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی تھیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں