Business

ایک دن میں ڈیزل کی قیمت میں اتنی بڑی کمی کیسے ممکن ہوئی؟

ایک دن میں ڈیزل کی قیمت میں اتنی بڑی کمی کیسے ممکن ہوئی؟
۱ منٹ پہلے

حکومت نے ایک ہی دن میں ڈیزل کی قیمت میں 32.63 روپے کی بڑی کمی کر دی، جس کے بعد ڈیزل کی قیمت 395.69 روپے فی لیٹر کی سطح پر پہنچ گئی۔

 

 

اتنی بڑی کمی کیسے ممکن ہوئی؟

 

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ صرف ایک دن میں ڈیزل کی قیمت میں اتنی بڑی کمی کیسے ممکن ہوئی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب حکومتِ پاکستان روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر رہی ہے اور ایران جنگ کے تناظر میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخی بلند ترین سطح پر ہیں۔

 

ریفائنریوں کے منافع میں کمی

 

 

حکومتی اور تیل صاف کرنے والی کمپنیوں کے ذرائع کے مطابق حکومت نے ڈیزل پر ریفائنریوں کے مارجن، یعنی منافع، کو 68 ڈالر فی بیرل سے کم کرکے 41 ڈالر فی بیرل تک محدود کر دیا ہے۔

 

 

قیمت کا تعین عالمی مارکیٹ کی قیمت پر ہوتا ہے

 

 

پاکستان میں ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں ان کی متعلقہ قیمتوں کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

 

ملک میں ڈیزل اور پٹرول کی قیمت کا تعین براہِ راست خام تیل کی قیمت پر نہیں ہوتا۔ اس وقت خام تیل کی قیمت تقریباً 90 ڈالر فی بیرل ہے، جبکہ دوسری جانب ڈیزل کی قیمت تقریباً 158 ڈالر فی بیرل ہے، جس کی وجہ سے ریفائنریوں کو تقریباً 68 سے 70 ڈالر فی بیرل تک مارجن حاصل ہو رہا ہے۔

 

 

حکومت کا مؤقف

 

 

حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک میں استعمال ہونے والے ہائی اسپیڈ ڈیزل کا تقریباً 70 فیصد حصہ خام تیل درآمد کرنے والی چار مقامی ریفائنریوں میں تیار کیا جاتا ہے۔

 

اس لیے عالمی سطح پر ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو مکمل طور پر صارفین تک منتقل ہونے سے روکنے کے لیے ریفائنریوں کا تعاون ضروری تھا۔

 

 

منافع محدود کرنے سے قیمت میں کمی 

 

 

معمول کے قیمتوں کے تعین کے طریقۂ کار کے تحت عالمی مارکیٹ میں ڈیزل پر تقریباً 68 ڈالر فی بیرل کا منافع مقامی ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافے کا باعث بنتا ہے۔

 

تاہم حکومت اور ریفائنریوں کے درمیان اتفاقِ رائے کے بعد  اس منافع کو 41 ڈالر فی بیرل تک محدود کر دیا گیا ہے۔

 

اس فیصلے کے نتیجے میں عالمی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کا ایک بڑا حصہ مقامی قیمت کے تعین کے فارمولے سے نکل گیا، جس کی وجہ سے ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 32 روپے فی لیٹر تک کمی ممکن ہوئی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں