Business

پٹرول قیمتیں روزانہ میں نہیں بدلتا،صرف عملدرآمد کرتا ہوں،وزیر پٹرولیم

پٹرول قیمتیں روزانہ میں نہیں بدلتا،صرف عملدرآمد  کرتا ہوں،وزیر پٹرولیم
۱۵ منٹ پہلے

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ وہ روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تبدیل کرتے ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود قیمتیں مقرر نہیں کرتے بلکہ ان کا کام صرف فیصلوں پر عملدرآمد کرنا ہے۔

 

پاکستان انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر تبدیل ہوتی ہیں اور وہ صرف ان تبدیلیوں پر عملدرآمد کرتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والے یہ تاثر دیتے ہیں کہ روزانہ قیمتیں وہ خود تبدیل کرتے ہیں، حالانکہ قیمتوں کے تعین میں ان کا کوئی کردار نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں بھی ہر جمعے کو قیمتیں لازمی طور پر تبدیل نہیں ہوتیں۔

 

علی پرویز ملک نے کہا کہ انہیں اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ ان سے کتنی محبت یا نفرت کی جاتی ہے، اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ ایسے فیصلوں سے مستقبل میں ملک کو کیا فائدہ حاصل ہوگا۔

 

انہوں نے کہا کہ اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں اور حکومت توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان کی طویل مدتی توانائی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

 

وزیرِ پیٹرولیم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے جبکہ گردشی قرضوں میں بھی نمایاں کمی لائی گئی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ توانائی کے شعبے کے تمام حصوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد طویل مدتی پالیسی پر کام شروع کیا گیا۔ وزیراعظم نے ایک کمیٹی بھی قائم کی ہے جو ہر 2 ماہ بعد ملک میں توانائی کی صورتحال کا جائزہ لیتی ہے۔

 

علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی روشنی میں اقدامات کر رہا ہے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں